حجرہ شاہ مقیم میں پیزا شاپ کے گیس سلنڈر دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی، 3 ورکرز زخمی

حجرہ شاہ مقیم: ایک معروف پیزا شاپ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے خوفناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ’ستھرا پنجاب‘ مہم کے 3 ورکرز شدید زخمی ہو گئے جبکہ دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پیزا شاپ کے اندر نصب گیس سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد مزید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور آگ نے تیزی سے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی کارروائی کے دوران زخمیوں کو آگ اور ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔آگ کے باعث دکان میں موجود قیمتی مشینری، فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا، جس سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا۔ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے مسلسل کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری رکھی اور اسے قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔