لاہور: حنا پرویز بٹ نے مبینہ منشیات فروش کردار ’انمول عرف پنکی‘ پر ڈرامہ بنانے کی خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر پنکی پر واقعی کوئی ڈرامہ یا سیریل بنایا جا رہا ہے تو یہ ایک شرمناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسی خاتون جس پر جرائم اور منشیات فروشی کے الزامات ہیں، اسے کسی صورت رول ماڈل کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے والی خواتین کی موجودگی میں ایسے متنازع کرداروں کو نمایاں کرنا نامناسب ہے۔حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ اس قسم کی پروڈکشنز ان خواتین کی خدمات کو نظر انداز کرتی ہیں جنہوں نے معاشرے کی ترقی، فلاح اور بہتری کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا انڈسٹری سے مطالبہ کیا کہ صرف ریٹنگز اور مالی فائدے کی خاطر منفی کرداروں کو ہیرو بنا کر پیش کرنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ ایسی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔