جدہ: Pakistan International Airlines کی انتظامیہ اور انجینئرز کی مبینہ غفلت کے باعث جدہ ایئرپورٹ پر سینکڑوں حجاج کرام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق جدہ سے کراچی آنے والی حج پرواز پی کے 860 کے Boeing 777 طیارے کا ایئر کنڈیشننگ سسٹم اچانک فیل ہوگیا، جس پر 393 حجاج کرام نے جہاز کے اندر شدید احتجاج کیا۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ طیارہ گزشتہ ایک ماہ سے مرمت کے لیے ہینگر میں موجود تھا، تاہم مبینہ طور پر مکمل تکنیکی جانچ اور ٹیسٹ فلائٹ کے بغیر ہی اسے حجاج کرام کو لینے کے لیے جدہ روانہ کردیا گیا۔حجاج کرام پہلے ہی 15 گھنٹے سے زائد وقت تک ایئرپورٹ پر انتظار کر چکے تھے۔ جہاز میں سوار ہونے کے بعد شدید گرمی اور حبس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے متبادل طیارہ فراہم کیے بغیر سفر جاری رکھنے سے انکار کر دیا۔صورتحال کشیدہ ہونے پر کپتان نے تمام مسافروں کو دوبارہ ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں پرواز تقریباً 17 گھنٹے کی تاخیر کے بعد کراچی کے لیے روانہ ہو سکی۔