انقرہ: ترکیہ کے وزیر خارجہ Hakan Fidan نے پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط برادرانہ تعلقات پر بھارت کی جانب سے کیے جانے والے اعتراضات اور بے چینی کو مسترد کر دیا ہے۔سنگاپور میں ایک اہم لیکچر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے قریبی اور دوستانہ تعلقات بھارت کے لیے تشویش کا باعث نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو پاک ترک دوستی کو اپنے خلاف کسی اقدام یا دشمنی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دنیا کے کئی دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ مثبت اور دوستانہ روابط رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت پاکستان سے اچھے تعلقات رکھنے والے ہر ملک پر ناراضی کا اظہار کرے تو یہ رویہ قابلِ فہم نہیں ہوگا۔