پاک فوج کی تاریخی کامیابی پر مبنی کتاب ’’ریسکیونگ دی یو ایس رینجرز‘‘ عوام کے سامنے پیش

اولپنڈی: پاک فوج کی تاریخ کے ایک اہم باب پر مبنی کتاب ’’ریسکیونگ دی یو ایس رینجرز‘‘ کو پہلی بار عوام کے سامنے پیش کر دیا گیا۔

آرمی انسٹیٹیوٹ آف ملٹری ہسٹری میں اس حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاک فوج کے غازیوں، اساتذہ، معروف شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

معروف مصنف سرمد ضیا کی تحریر کردہ یہ کتاب پاک فوج کی بہترین منصوبہ بندی، پیشہ ورانہ مہارت اور کامیاب فوجی کارروائی کی داستان بیان کرتی ہے۔ کتاب میں صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں انجام دیے گئے ایک اہم اور تاریخی فوجی آپریشن کی تفصیلات شامل ہیں۔

’’ریسکیونگ دی یو ایس رینجرز‘‘ میں آپریشن کے دوران پیش آنے والے حالات، درپیش مشکلات اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ کتاب میں تاریخی حقائق کے ساتھ ساتھ آپریشن میں حصہ لینے والے پاکستانی غازیوں کے انٹرویوز بھی شامل کیے گئے ہیں۔تقریب کے دوران آپریشن میں شریک پاک فوج کے بہادر غازیوں نے اپنے تجربات اور یادیں حاضرین کے ساتھ شیئر کیں۔واضح رہے کہ 1993 میں صومالیہ میں ایک اہم کارروائی کے دوران پاکستانی فوج نے محصور امریکی رینجرز کو کامیابی کے ساتھ محفوظ مقام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، جسے فوجی تاریخ کا ایک اہم واقعہ تصور کیا جاتا ہے۔