Lahore میں سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے بغیر رجسٹریشن اور بغیر نمبر پلیٹ چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کے ماڈل روڈز، خصوصاً کینال روڈ پر داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری آگاہی مہم کے مطابق اب بغیر رجسٹریشن یا نمبر پلیٹ کے چلنے والے چنگ چی رکشے اور لوڈر گاڑیاں کینال روڈ اور دیگر ماڈل سڑکوں پر داخل نہیں ہو سکیں گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے، شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے اور سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ٹریفک حکام کے مطابق بغیر رجسٹریشن گاڑیوں کی موجودگی سے نہ صرف ٹریفک مسائل جنم لیتے ہیں بلکہ کسی حادثے یا جرائم کی صورت میں ذمہ دار افراد کی شناخت بھی مشکل ہو جاتی ہے۔سٹی ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس پابندی کا فوری اطلاق ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام نے رکشہ اور لوڈر مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل کروائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کے قیام میں مدد مل سکے۔