پنجاب کے گورنر کا بیان: سیاستدان سب سے مظلوم طبقہ ہیں

فتح جنگ (ویب ڈیسک): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سیاستدانوں کو ملک کا سب سے مظلوم طبقہ قرار دے دیا ہے۔

فتح جنگ میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاستدانوں کا نیب سمیت ہر ادارہ اور عوام احتساب کرتے ہیں، اس لیے انہیں سب سے زیادہ دباؤ اور تنقید کا سامنا رہتا ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے بڑی قربانیاں دیں، لیکن پارٹی کے خلاف ہمیشہ منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع اٹک میں کروڑوں روپے کے فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جن میں فری ڈائلیسز سینٹرز، فلٹریشن پلانٹس اور اجتماعی شادیوں کے پروگرام شامل ہیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے یونیورسٹی آف اٹک کی منظوری پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا۔