کراچی (ویب ڈیسک): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم ان کا مطالبہ ہے اور اسے “آج نہیں تو کل لانا پڑے گا”۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 140-A ایم کیو ایم پاکستان کا 30 سال پرانا مطالبہ ہے اور اس پر مختلف سیاسی جماعتیں بھی ہم آواز ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات نئی نہیں، کیونکہ 1970 تک کراچی وفاق کے زیر انتظام رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی کی زمینوں پر قبضے بڑھ رہے ہیں، خاص طور پر ہل پارک جیسے اہم علاقے میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم قبضہ مافیا کے خلاف کھڑی ہے اور ہل پارک میں مبینہ غیر قانونی پلاٹس کی الاٹمنٹ کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی اس معاملے کی تحقیقات کرائیں اور یہ دیکھا جائے کہ این او سی کس نے جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کو زمینوں کی لیز کے مکمل اختیارات ملنے چاہئیں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور آئندہ کراچی میں دوبارہ اپنا میئر لائے گی۔