کراچی: سندھ میں شدید گرمی کی لہر، یکم جون سے بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری

کراچی (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے سندھ میں شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک صوبے بھر میں انتہائی سخت اور جان لیوا گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، خیرپور اور موہنجودڑو کے علاقوں میں بھی شدید گرمی کی صورتحال رہے گی۔

ادھر تھرپارکر، بدین، حیدرآباد اور میرپورخاص میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تاہم شہریوں کے لیے ریلیف کی خبر یہ ہے کہ یکم جون سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جون کو قمبر شہدادکوٹ، دادو، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

کراچی سمیت پورے سندھ میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے لوڈشیڈنگ اور پاور سسٹم پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔