کراچی: جناح اسپتال میں خاتون کی ڈلیوری پر تنازع، اہلخانہ نے غفلت کا الزام عائد کر دیا

کراچی: جناح اسپتال میں خاتون کی ڈلیوری پر تنازع، اہلخانہ نے غفلت کا الزام عائد کر دیا

کراچی (ویب ڈیسک): جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں ایک خاتون کی ڈلیوری کے معاملے پر تنازع کھڑا ہوگیا، جہاں اہلخانہ نے ڈاکٹروں پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔

متاثرہ خاندان کے مطابق خاتون کو ڈلیوری کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے اور توجہ دینے کے بجائے چار گھنٹے انتظار کرنے کا کہا۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ بار بار درخواست کے باوجود مریضہ کا بروقت چیک اپ نہیں کیا گیا، جس کے باعث خاتون نے شدید تکلیف کے دوران واش روم میں بچے کو جنم دیا۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کی پیدائش واش روم میں نہیں بلکہ لیبر روم میں ہوئی۔ انتظامیہ کے مطابق خاتون نے رات 2 بج کر 50 منٹ پر ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ مریضہ کو پی ایچ آئی اسپتال سے منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے آنے کے بعد گائنی ایمرجنسی میں فوری طبی معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے بعد نارمل ڈلیوری کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

انتظامیہ کے مطابق مریضہ کے پلیٹ لیٹس کم تھے جبکہ جگر کے ٹیسٹ بھی غیر معمولی تھے، جس کے باعث اسے ہائی رسک مریضہ قرار دیا گیا۔ خاتون کو 16 یونٹس خون اور فریش فروزن پلازما (FFP) فراہم کیا گیا اور مزید نگرانی کے لیے آبزرویشن میں رکھا گیا تھا۔

اسپتال انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ بعد ازاں اہلخانہ ڈاکٹروں کے مشورے کے برخلاف مریضہ کو اسپتال سے اپنے ساتھ لے گئے۔

واقعے کے بعد معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔