وفاقی بجٹ 2026-27: تنخواہ دار طبقے کے لیے ڈبل ریلیف کا امکان

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 اگلے ماہ 5 جون کو پیش کیا جائے گا، جس میں تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑی ریلیف کی تجاویز زیر غور ہیں۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کر لیے گئے ہیں جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایوان بالا اور ایوان زیریں کے اجلاس بلانے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ پیش کرنے سے قبل 4 جون کو قومی اقتصادی سروے جاری کیا جائے گا، جبکہ اسی روز وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے دو بڑی خوشخبریوں پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ شامل ہے۔

مزید تجاویز کے مطابق چار ایڈہاک الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے، جس سے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں مستقل اضافہ ہوگا۔

اس کے علاوہ ماہانہ ایک سے دو لاکھ روپے آمدن والے طبقے کو ریلیف دینے اور سالانہ 12 سے 22 لاکھ روپے آمدن پر انکم ٹیکس میں کمی کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق حتمی فیصلے بجٹ پیشی کے وقت کیے جائیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد باضابطہ اعلان ہوگا۔