اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 جون کو شام 5 بجے منعقد ہوگا، جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 6 بجے طلب کیا گیا ہے، جہاں وفاقی بجٹ پیش کیا جائے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں کے اجلاس طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی بجٹ پیش کیے جانے سے ایک روز قبل، یعنی 4 جون کو پاکستان کا معاشی سروے جاری کیا جائے گا، جس میں ملکی معیشت کی سالانہ کارکردگی، ترقیاتی اہداف، زرعی، صنعتی اور مالیاتی شعبوں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں مہنگائی، ٹیکس اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔