قلات (ویب ڈیسک): بلوچستان کے ضلع قلات میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد عید الاضحیٰ منانے کے لیے اپنے آبائی علاقے جا رہے تھے۔
لیویز اور پولیس حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے پشین جانے والی ایک تیز رفتار کار مخالف سمت سے آنے والی پک اپ گاڑی سے زور دار ٹکرانے کے بعد مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کا تعلق پشین سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان عید کی خوشیاں منانے کے لیے کراچی سے اپنے آبائی علاقے “پشین، کلی ملک کٹا” جا رہا تھا کہ قلات کے قریب یہ المناک حادثہ پیش آ گیا۔
حکام نے بتایا کہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں آبائی علاقے روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے جبکہ مقتولین کے گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔