کراچی: پسند کی شادی کرنے والے نو بیاہتا جوڑے کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار، مقتولہ کا بھائی نکل آیا

کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد میں پسند کی شادی کرنے والے نو بیاہتا جوڑے کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزم کو واردات کے محض 15 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم ساجد مقتولہ کا سگا بھائی ہے، جس نے دورانِ تفتیش اپنی بہن اور بہنوئی کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اس کی بہن کی منگنی پہلے “گوپانگ” نامی شخص سے ساڑھے تین لاکھ روپے کے عوض طے ہوئی تھی، تاہم اس نے اپنی پسند سے دوسری جگہ شادی کر لی۔ اس کے بعد گوپانگ نے اپنی دی گئی رقم واپس کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا۔

ملزم ساجد کے مطابق عید کے بعد گوپانگ کی شادی طے تھی اور رقم واپس نہ ہونے کی صورت میں اس نے دباؤ ڈالا کہ یا تو رقم واپس کی جائے یا پھر لڑکی کو قتل کر دیا جائے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اسی دباؤ کے باعث اس نے اپنی بہن اور بہنوئی کو قتل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتول جوڑے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ عدالت سے حیدرآباد جا رہے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں حملہ آوروں کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ڈرائیور اور ایک اور شخص جان بچانے کے لیے موقع سے بھاگتے نظر آتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت موٹر سائیکل چلانے والا شخص گوپانگ تھا، جو تاحال مفرور ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔