نادرا نے نئے شناختی کارڈ اور تجدید کروانے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایت جاری کر دی ہے۔ ادارے کے مطابق وہ افراد جو شناختی کارڈ کی درخواست جمع کروانے کے بعد مقررہ وقت پر اپنا کارڈ وصول نہیں کرتے، انہیں بعد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے شناختی دستاویزات جاری کرنے کا اختیار صرف نادرا کے پاس ہے، اس لیے شہریوں کو اپنی درخواستوں اور دستاویزات سے متعلق تمام ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ تیار ہونے کے بعد شہری جلد از جلد اسے متعلقہ دفتر سے وصول کریں۔ اگر کوئی شخص مقررہ مدت گزرنے کے باوجود اپنا کارڈ وصول نہیں کرتا تو ڈلیوری کی آخری تاریخ کے تین ماہ بعد کارڈ کو تلف کر دیا جاتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایسے افراد کو دوبارہ شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے نئی درخواست دینا اور فیس دوبارہ جمع کروانا پڑتی ہے۔
نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا نادرا دفتر میں درخواست دیتے وقت ہوم ڈلیوری کا آپشن منتخب کریں تاکہ شناختی کارڈ آسانی سے گھر بیٹھے وصول کیا جا سکے۔