کراچی میں قربانی کا جانور خریدنے جانے والا شہری لٹ گیا، مزاحمت پر زخمی

کراچی میں عیدِ قربان سے قبل اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لانڈھی کے علاقے اسماعیل گوٹھ کے قریب قربانی کا جانور خریدنے جانے والے ایک شہری سے ڈاکوؤں نے 2 لاکھ 80 ہزار روپے لوٹ لیے۔
متاثرہ شہری کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے اسے روک کر نقد رقم چھین لی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے پہلے فائرنگ کی کوشش کی، تاہم گولی نہ چلنے پر تیز دھار آلے سے حملہ کر کے شہری کو زخمی کر دیا۔

شہری نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد لانڈھی پولیس موقع پر پہنچی لیکن اہلکاروں نے یہ کہہ کر کارروائی سے انکار کر دیا کہ واردات ان کی حدود میں نہیں آتی، حالانکہ جائے وقوعہ پر لانڈھی تھانے کی حدود کا بورڈ موجود تھا۔

متاثرہ شہری نے پولیس کے رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حدود کے تنازع کے باعث وہ انصاف کے لیے دربدر ہو گیا ہے۔