بٹگرام کی تحصیل آلائی میں ٹرانسفارمر جلنے کے بعد پورے گاؤں میں کرنٹ پھیل گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔واقعے کے باعث گاؤں کے 4 گھروں میں اچانک آگ بھی بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرنٹ لگنے سے زخمی ہونے والے تمام افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ٹرانسفارمر میں دھماکے اور کرنٹ پھیلنے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی۔