نیو کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی، منشیات فروش گینگ کا سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11 میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب منشیات فروش گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 105 گرام آئس اور 16 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار افراد میں گینگ کا سرغنہ عمران مچھیارہ، حسین عرف اللہ رکھا اور وقاص شامل ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف علاقوں سے آئس اور ہیروئن جیسی خطرناک منشیات لا کر نیو کراچی اور اطراف میں فروخت کرتے تھے اور کافی عرصے سے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی کئی مرتبہ منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ سرغنہ عمران مچھیارہ اپنے کارندوں کو منشیات فروخت کرنے کے عوض کھانا اور نشہ فراہم کرتا تھا تاکہ وہ اس لت میں مبتلا رہیں اور اس کے لیے کام کرتے رہیں۔ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزم نے پولیس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے علاقے کی بعض خواتین کو روزانہ ایک ہزار روپے دے رکھے تھے، جو پولیس کی آمد یا کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ملزم تک پہنچاتی تھیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ پورے سپلائی نیٹ ورک تک پہنچنے کی کوشش جاری ہے۔