ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار، تخریب کاری کا منصوبہ ناکام

ساہیوال میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دو مختلف مقامات پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق پہلی کارروائی فیصل آباد روڈ پر کی گئی جہاں ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) سے وابستہ دہشت گرد مومین احمد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے بتایا جاتا ہے۔گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 2 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈز اور بیٹری الیکٹرک سرکٹ برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔دوسری کارروائی غربی بائی پاس کے قریب کی گئی جہاں ایک اور دہشت گرد فرمان علی کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم شہریوں کو گمراہ کر کے کالعدم تنظیم میں شمولیت پر اکسا رہا تھا۔ی ٹی ڈی نے ملزم کے قبضے سے نفرت انگیز بینرز، کتابیں، لٹریچر، نقدی اور میموری کارڈز بھی برآمد کیے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔