کراچی میں تیز رفتار ڈمپر پولیس وین پر چڑھ دوڑا، 2 اہلکار جاں بحق

کراچی میں ایک بار پھر تیز رفتار ڈمپر جان لیوا ثابت ہوا، اس بار حادثے کا شکار پولیس وین بنی جس میں سوار 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سپر ہائی وے پر گڈاپ ٹاؤن کے قریب پیش آیا جہاں حیدرآباد سے کراچی آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے سڑک کنارے کھڑی پولیس وین کو کچل دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس وین بری طرح تباہ ہوگئی اور کافی کوششوں کے بعد اہلکاروں کی لاشیں نکالی گئیں۔ ڈاکٹر عبدالخالق کے مطابق ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب وندر کے قریب پنجگور سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق کوچ میں موجود ایرانی پیٹرول نے آگ پکڑ لی جس سے گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی، تاہم تمام مسافر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر شہدادپور میں ایک اور حادثے میں بے قابو منی ٹرک ریلوے پھاٹک توڑ کر ٹرین کی زد میں آ گیا۔ پولیس کے مطابق پاک بزنس ٹرین کراچی سے لاہور جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد ٹرک میں آگ لگ گئی جبکہ ملبہ ریلوے ٹریک پر پھیل گیا۔ جاں بحق ڈرائیور کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔