کراچی میں امام مسجد فائرنگ سے قتل، ملزمان فرار

کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک امام مسجد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھگھر پھاٹک پل کے قریب پیش آیا جہاں ملزمان نے امام مسجد فتح محمد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فتح محمد نمازِ عشا ادا کروانے کے بعد پورٹ قاسم میں واقع مسجد سے نکلے تھے کہ گھگھر پھاٹک کے قریب مسلح افراد نے انہیں نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول سے کوئی لوٹ مار نہیں کی گئی جبکہ جائے وقوعہ سے موٹرسائیکل، پرس اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔