وزیراعظم شہباز شریف 23 مئی سے اہم دورۂ چین پر روانہ ہوں گے، بڑے معاہدوں کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع اہم دورۂ چین کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 23 سے 26 مئی تک چین کا اعلیٰ سطح کا سرکاری دورہ کریں گے، جس کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورے کے دوران پاک چین تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی بی ٹو بی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔وفد میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور مشیر صنعت ہارون اختر خان بھی شامل ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف چین کے شہر ہینگجو میں ہونے والی بی ٹو بی کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں 80 سے زائد کاروباری شخصیات بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ دورے کے دوران وزیراعظم عالمی شہرت یافتہ علی بابا کے سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔ہینگجو کے بعد وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں وہ دو روزہ قیام کے دوران چینی صدر اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔