خیبر پختونخوا میں گندم بحران کا خدشہ

خیبر پختونخوا میں گندم اور آٹے کے ممکنہ بحران کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر پنجاب سے گندم اور آٹے کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق پنجاب کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث کے پی میں غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سالانہ ضرورت 53 لاکھ میٹرک ٹن گندم ہے، جبکہ مقامی پیداوار صرف 16 لاکھ میٹرک ٹن ہے۔ گندم کی قلت کے باعث 40 کلو آٹے کی قیمت 4700 روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ روکی گئی گندم کی گاڑیوں کو فوری اجازت دی جائے اور پاسکو سے گندم کی ترسیل بلا رکاوٹ جاری رکھی جائے۔