اسلام آباد میں نادرا نے صارفین کے بائیو میٹرک ڈیٹاکے تحفظ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنے بائیو میٹرک ڈیٹا تک رسائی کو خود کنٹرول کرسکیں گے۔ترجمان نادرا کے مطابق “بلاک بائیو میٹرک ڈیٹا ایکسیس” فیچر فعال کرنے کے بعد کسی بھی ادارے یا مقام پر صارف کے فنگر پرنٹس یا چہرے کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق ممکن نہیں ہوگی، جب تک صارف خود موبائل ایپ کے ذریعے اجازت نہ دے۔نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کے حساس بائیو میٹرک ڈیٹا کو مزید محفوظ بنانا اور اس کا مکمل اختیار صارفین کے ہاتھ میں دینا ہے۔اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کرنا ہوگا، پھر اوپر موجود مینیو میں جا کر “پروفائل سیٹنگز” سے “بلاک بائیو میٹرک ڈیٹا ایکسیس” کا انتخاب کرنا ہوگا۔ترجمان کے مطابق بعض موبائل فونز میں اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے فنگر پرنٹس یا تصویر کے ذریعے تصدیق بھی درکار ہوسکتی ہے۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ جب بھی کسی جگہ بائیو میٹرک تصدیق کی ضرورت ہو تو صارف اس فیچر کو عارضی طور پر بند کرکے اجازت دے سکتا ہے، جبکہ تصدیق مکمل ہونے کے بعد دوبارہ اسے فعال کرکے اپنی معلومات کو محفوظ بناسکتا ہے۔نادرا کے مطابق اس نئے نظام سے صارفین کو اپنی شناختی معلومات پر مزید اختیار حاصل ہوگا اور بائیو میٹرک ڈیٹا کے غیر ضروری استعمال کو روکا جاسکے گا۔