کراچی میں کوکین کوئین انمول پنکی نیٹ ورک کے ہینڈلرز اور کیریئرز کی تفصیلات منظرعام پر

کراچی سے گرفتار مبینہ کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے منشیات نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق نیٹ ورک کے تین مرکزی ہینڈلرز اور 22 کیریئرز کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق کراچی میں منشیات کا یہ نیٹ ورک ملزمہ کے بھائی شوکت کے ذریعے چلایا جارہا تھا، جبکہ مرکزی ہینڈلرز کی شناخت حمزہ، عداس اور عاقب کے ناموں سے ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں سرگرم نیٹ ورک کے 8 رائیڈرز کا تعلق لاہور، فیصل آباد اور وہاڑی سے ہے۔ نیٹ ورک میں صبا اور انعم عرف اینا نامی خواتین بطور کیریئر کام کررہی تھیں۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ہینڈلر حمزہ 70 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر نیٹ ورک کے لیے کام کررہا تھا۔اس سے قبل سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا تھا کہ انمول عرف پنکی کے گاہکوں کی فہرست حکام کے پاس موجود ہے۔ سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مدد سے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ منشیات معاشرے اور نوجوان نسل کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جبکہ انمول پنکی کا گینگ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی سرگرم تھا۔