British Council کے تحت ہونے والے کیمبرج امتحانات میں پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برٹش کونسل کو باقاعدہ ای میل ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بزنس اسٹڈیز (9609/22) کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے تقریباً تین گھنٹے قبل ہی سوشل میڈیا پر لیک ہو گیا تھا۔ والدین نے مؤقف اختیار کیا کہ امتحانی پرچے واٹس ایپ گروپس اور Reddit پر فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ بروقت اطلاع دینے کے باوجود اب تک کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔والدین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے محنتی طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے اور امتحانی نظام کی شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ متاثرہ طالبہ نے کہا کہ اس کے یونیورسٹی داخلے کا انحصار انہی امتحاناتپر ہے، اس لیے فوری انصاف فراہم کیا جائے۔والدین کے مطابق پیپر لیک سے متعلق تمام شواہد ای میل کے ذریعے برٹش کونسل کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب British Council نے اپنے جواب میں کہا کہ امتحانات کی سیکیورٹی ان کی اولین ترجیح ہے اور تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر جانچا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق معاملہ متعلقہ امتحانی بورڈ کو بھیج دیا گیا ہے اور پیپر لیک کے الزامات کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔