اسلام آباد میں پاکستان نے نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کی رپورٹ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے “گمراہ کن اور سنسنی خیز” قرار دیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق رپورٹ میں کیے گئے دعوے قیاس آرائیوں پر مبنی اور حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایرانی اور امریکی طیارے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوران سفارتی عملے سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اہلکاروں کی آمدورفت کے لیے آئے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ کچھ طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکراتی مراحل کی تیاری کے باعث عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر بھی معمول کے لاجسٹک اور انتظامی انتظامات کے تحت سہولت فراہم کی گئی۔دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیاروں کا کسی فوجی ہنگامی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے غیر جانبدار اور ذمہ دار کردار ادا کرتا رہا ہے۔