کراچی کے علاقے موچکو میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کیش وین کے ذریعے بلوچستان سے کراچی اسمگل کیے جانے والے غیر ملکی سگریٹ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران پولیس نے سیکیورٹی کمپنی کے تین ملازمین سمیت چار ملزمان کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق وین سے ایک کروڑ 48 لاکھ 24 ہزار روپے مالیت کے غیر ملکی سگریٹ کے 8 ہزار پیکٹ برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان میں ڈرائیور غلام مصطفیٰ، سپروائزر اسحاق، سیکیورٹی گارڈ رضا اور صدیق شامل ہیں۔پولیس نے ضبط شدہ سگریٹ، نقد رقم اور گاڑی قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام اور ملک میں قانونی تجارت کے فروغ کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔