کراچی مویشی منڈی میں 3 کروڑ مالیت کا نایاب بیل توجہ کا مرکز بن گیا

کراچی: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں عیدِ قربان کے لیے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں 3 کروڑ روپے مالیت کا ایک نایاب اور قیمتی بیل شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مویشی منڈی میں ملک بھر سے بیلوں، اونٹوں، دنبوں اور بکروں کی بڑی تعداد روزانہ پہنچ رہی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر منڈی طارق تنولی کے مطابق اب تک منڈی میں آنے والے جانوروں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔حب ساکران سے تعلق رکھنے والے ایک بیوپاری کی جانب سے لایا گیا یہ منفرد بیل منڈی میں “ٹاک آف دی ٹاؤن” بن چکا ہے۔ 3 کروڑ روپے مالیت کے اس بیل کو دیکھنے کے لیے شہریوں کا رش لگا ہوا ہے، جبکہ بیوپاری نے اسے قدرت کا شاہکار قرار دیا ہے۔ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کا کہنا ہے کہ بیوپاریوں اور جانوروں کی سہولت کے لیے منڈی میں چوبیس گھنٹے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ ہر قسم کے جانور کے لیے پینے کے پانی کی وافر مقدار دستیاب ہے۔انتظامیہ کے مطابق آنے والے دنوں میں جانوروں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔