ٹنڈو محمد خان میں غربت سے تنگ ایک ماں نے اپنے دو بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ واقعے کی خبر ملتے ہی پولیس، غوطہ خور اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ غوطہ خوروں نے تلاش کے بعد خاتون اور دونوں بچوں کی لاشیں نہر سے نکال لیں۔ذرائع کے مطابق لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے فوری طور پر ایمبولینس دستیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث خاتون کی لاش کو گھاس لے جانے والی گاڑی میں جبکہ بچوں کی لاشوں کو مقامی افراد رکشے کے ذریعے اسپتال لے گئے۔
ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ ٹنڈو محمد خان میں ان کی مستقل ایمبولینس سروس موجود نہیں، ضرورت پڑنے پر حیدرآباد سے ایمبولینس طلب کی جاتی ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون، ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔