ظاہر پیر: باسی چاول کھانے سے 6 بچوں کی حالت غیر، اسپتال منتقل

Khanpur کے علاقے ظاہر پیر میں باسی چاول کھانے سے ایک ہی گھر کے 6 بچوں کی حالت خراب ہوگئی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ بچوں میں 2 سالہ ایمن، 3 سالہ بتول، 5 سالہ عائشہ، 7 سالہ زبیر اور علیشبہ جبکہ 8 سالہ حسن شامل ہیں۔ تمام بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کھانے میں استعمال ہونے والے چاول کے نمونے فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

دوسری جانب گزشتہ روز Dadu کے علاقے میہڑ میں بھی چائے پینے سے ایک ہی گھر کے 16 افراد کی حالت غیر ہوگئی تھی، جنہیں بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ واقعہ ممکنہ طور پر زہریلے دودھ یا چائے کے باعث فوڈ پوائزننگ کا نتیجہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو خواتین کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔