کراچی ویب ڈیسک: معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک افواج، خصوصاً پاک فضائیہ کو قومی دفاع کی تاریخی اور فیصلہ کن کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکۂ حق نے قومی اعتماد کو نئی قوت دی، ادارہ جاتی عزم کو مزید مضبوط بنایا اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا کے سامنے ثابت کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سسٹمز اور جدید جنگی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی ایک مؤثر فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک فیصلہ کن فورس بنا دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے دوران کیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد، غیر معمولی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے، جبکہ ان کامیابیوں نے قوم کے اعتماد، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی مسلح افواج ذمہ دارانہ اور مضبوط اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں۔ پاک افواج کی ہر تیاری اور صلاحیت کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، جبکہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل سرمایہ کاری جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ عزائم کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پوری قوم پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور اہلکاروں کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور تاریخی دفاعی کردار پر سلام پیش کرتی ہے۔
بیان کے اختتام میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ برتری، جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث دنیا کی بہترین فضائی افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور ہمیشہ “Second to None” رہے گی۔