ملتان: گھر سے خاتون اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد، قتل کا انکشاف

ملتان (ویب ڈیسک): ممتاز آباد پھاٹک کے علاقے میں ایک گھر سے خاتون اور اس کے تین بچوں کی پھندہ لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف اور افسوس کی فضا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی، تاہم شک کی بنیاد پر خاتون کے شوہر اور دیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 4 سے 7 سال کے درمیان تھیں۔ شوہر نے ابتدائی بیان میں کہا کہ اس کی بیوی کے ساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون اور بچوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں انکشاف ہوا کہ تینوں بچوں کی موت گلا گھونٹنے سے ہوئی، اور بعد میں انہیں پھندا دے کر واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔
نمونے مزید تجزیے کے لیے فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں شوہر اور اس کے بھائی سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔