لاڑکانہ: پولیس مقابلے میں 50 لاکھ انعام یافتہ خطرناک ملزم ہلاک

لاڑکانہ (ویب ڈیسک): لاڑکانہ میں پولیس مقابلے کے دوران 50 لاکھ روپے انعام یافتہ خطرناک ملزم اور بین الصوبائی منشیات ڈیلر مارا گیا ہے۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق یہ مقابلہ ولید تھانے کی حدود عرب پیر کے علاقے میں حساس ادارے کے تعاون سے ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت واحد بخش عرف سونو ابڑو کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم 30 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں منشیات فروشی، دہشت گردی ایکٹ، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے کیسز شامل ہیں۔ وہ شہید کانسٹیبل زوار مشتاق احمد تنیو کے قتل کیس میں بھی مرکزی کردار تھا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔