چین میں روبوٹ ٹریفک پولیس تعینات، انسانی اہلکاروں کی جگہ فرائض انجام دینے لگے

ہانگژو: چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو میں روبوٹ ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں، جو اب انسانی اہلکاروں کی جگہ فرائض انجام دیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یومِ مئی کی پانچ روزہ تعطیلات کے دوران سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کے بہتر نظم و نسق کے لیے اسمارٹ ٹریفک روبوٹس کو تعینات کیا گیا ہے۔

یہ جدید روبوٹ مقامی ٹریفک نظام کے ساتھ منسلک ہیں اور ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ روبوٹ سائیکل سواروں کی جانب سے اسٹاپ لائن عبور کرنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہیں، جبکہ مصروف شاہراہوں پر گشت بھی کرتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف انسانی ٹریفک اہلکاروں پر کام کا بوجھ کم ہوگا بلکہ کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔