این ڈی ایم اے کی وارننگ: 2026 میں ہیٹ ویوز، جنگلات میں آگ اور شدید بارشوں کا خطرہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے خبردار کیا ہے کہ سال 2026 کے دوران پاکستان کو شدید ہیٹ ویوز، جنگلات میں آگ اور موسلا دھار مون سون بارشوں جیسے خطرناک موسمی حالات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ موسمی خطرات کی تشخیص اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے، اور آفات سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شمالی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جو سیلابی صورتحال کو جنم دے سکتا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال ہیٹ ویوز کے ساتھ ساتھ شدید بارشوں اور جنگلات میں آگ کے واقعات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات سے دوچار ہے اور زمین کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے، جبکہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے کی جانب سے “ڈیزاسٹر الرٹ” سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے ذریعے عوام کو پیشگی وارننگ دی جاتی ہے۔ حکام نے غیر مصدقہ خبروں سے بچنے اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر زور دیا۔

این ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ بڑھتے درجہ حرارت اور موسمی شدت کے پیش نظر تمام اداروں کو ہنگامی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔