میشا شفیع کی اپیل پر 50 لاکھ ہرجانے کا فیصلہ معطل

لاہور:ویب ڈیسک: **لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل پر 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا ہے، جو گلوکار علی ظفر کے حق میں دیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے ہرجانے کی رقم کی ادائیگی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہرجانے کی آدھی رقم میشا شفیع عدالت میں جمع کرائیں۔

عدالت نے میشا شفیع کی اپیل پر علی ظفر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، تاہم ٹرائل کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع کو دوبارہ جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے سے روکا ہے اور اس حصے کو معطل نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ کسی کو بغیر ثبوت کے ایسے سنگین الزامات لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یاد رہے کہ سیشن کورٹ لاہور نے ہتک عزت کے کیس میں میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جبکہ علی ظفر نے ان کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے۔