کراچی (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے 7 مئی سے شہر میں ایک اور ہیٹ ویو کی لہر آنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں سورج کی تپش برقرار ہے اور آج درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق آج پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم کل سے درجہ حرارت میں کچھ کمی متوقع ہے اور یہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا اور سندھ کے دیگر علاقوں کی طرح کراچی میں بھی 7 مئی سے ایک نئی ہیٹ ویو شہریوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق 13 مئی کے بعد ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث مئی کے وسط میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی اور او آر ایس کا زیادہ استعمال کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔