سکھر (ویب ڈیسک): کشمور کے رہائشی پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے تحفظ کے لیے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں پٹیشن دائر کر دی۔
درخواست گزار عبدالقدیر بھٹو ولد عبدالرحمان اور فرزانہ بھٹو دختر قربان علی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے چند روز قبل پسند کی شادی کی، جس کے بعد لڑکی کے اہل خانہ مشتعل ہو گئے۔
پٹیشن کے مطابق لڑکی کے رشتہ داروں نے مبینہ طور پر نوجوان کے گھر پر حملہ کیا، اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بھینسیں، موٹر سائیکل، سولر پلیٹیں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لڑکی کے والد قربان علی بھٹو، مبین، زاہد، لیاقت اور دیگر کاروکاری کا الزام لگا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے باعث جوڑا خوف و ہراس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
پٹیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس مبینہ طور پر رشوت لے کر مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے اور ہراساں کر رہی ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور متعلقہ فریقین کی مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے۔