گلستان جوہر کے بنگلے میں ڈکیتی، 43 لاکھ کیش، زیورات لوٹ لیے گئے

گلستان جوہر کے بنگلے میں ڈکیتی، 43 لاکھ کیش، زیورات لوٹ لیے گئے

کراچی(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 16 میں ایک بنگلے میں ڈکیتی کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ اطلاعات کے مطابق تین مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 43 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان ایک سلور رنگ کی گاڑی میں آئے تھے، جبکہ ان کا چوتھا ساتھی گاڑی میں ہی موجود رہا۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے ماسک پہن رکھے تھے تاکہ شناخت نہ ہو سکے۔ وہ گھر سے قیمتی سامان شاپنگ بیگ میں بھر کر بآسانی فرار ہوگئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آچکی ہے جس میں ملزمان کی نقل و حرکت دیکھی جا سکتی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

شہریوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اس طرح کی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔