کراچی (ویب ڈیسک): سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں دنیا ایک بڑی خوشخبری سنے گی۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کو پاکستان کی تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام اس عمل سے انتہائی پُرامید ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان نے خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانے کے لیے جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے، آج دنیا کے کروڑوں لوگ امن کے قیام پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا سمیت دنیا کے بڑے ممالک اب پاکستان کو ایک پُرامن اور ذمہ دار ملک تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، یہ مذاکرات پاکستان کے دشمنوں پر “بجلی بن کر گرے” ہیں۔
صوبائی وزیر نے اس کامیابی کا سہرا ملکی قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار نے اس نازک مرحلے پر اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی کوششیں کیں۔
ناصر حسین شاہ نے پُراعتماد لہجے میں کہا کہ “ان شاء اللہ پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان مکمل جنگ بندی کرانے میں کامیاب ہوگا اور آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں دنیا ایک بڑی خوشخبری سنے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں امن کے داعی کے طور پر بلند ہو رہا ہے، جبکہ اسلام آباد مذاکرات علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔