ایران صورتحال پر وائٹ ہاؤس میں ہنگامی اجلاس، ٹرمپ کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت

ایران صورتحال پر وائٹ ہاؤس میں ہنگامی اجلاس، ٹرمپ کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت

واشنگٹن (ویب ڈیسک): ایران صورتحال پر وائٹ ہاؤس میں ہنگامی اجلاس، ٹرمپ کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے مشاورت

واشنگٹن میں ایران کی صورتحال کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے اجلاس کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی حکام سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا، جس میں موجودہ صورتحال اور ممکنہ پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف سوزی وائلز سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔ اس کے علاوہ صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف، سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین بھی اجلاس میں موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق اجلاس میں آبنائے ہرمز کی صورتحال، ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس، جو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کر چکے ہیں، آئندہ ممکنہ مذاکرات میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے 15 روزہ معاہدے کے اختتام میں صرف چند دن باقی ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ پہلے ہی اس ہفتے کسی ممکنہ معاہدے کی امید ظاہر کر چکے ہیں۔ تاہم مذاکرات کے نئے دور کا باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو آئندہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ اور ممکنہ طور پر صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس اجلاس پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔