سکھر (ویب ڈیسک)سکھر کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے سکھر میں خواتین میں مفت اسکوٹی تقسیم کرنے کی تقریب مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں خورشید احمد شاہ، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سید اویس قادر شاہ اور مکیش کمار چاؤلہ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے، جبکہ بڑی تعداد میں خواتین اور ان کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں سندھ حکومت عوام کو سستی اور باعزت سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فری اسکوٹی اسکیم سے خواتین اور طالبات کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا اور ان کی نقل و حرکت میں آسانی ہوگی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام درخواست گزار خواتین کو میرٹ کی بنیاد پر مفت اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے خواتین کو خود مختار بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ اسکوٹیوں کی تعداد مزید بڑھانے کی بھی اپیل کی گئی۔
تقریب میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی نمایاں اقدامات کر رہی ہے اور ملک میں پہلی بار الیکٹرک بس سروس متعارف کروائی گئی ہے۔