کراچی(ویب ڈیسک)سندھ کابینہ نے صوبے بھر کے اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کو بہتر بنانے کیلئے ہر طالبعلم کو منفرد شناختی نمبر دینے اور روزانہ حاضری کے لیے موبائل ایپ کا استعمال لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں طلبہ کی حاضری کی مانیٹرنگ کے نئے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق اس سسٹم کا مقصد غیر حاضری اور اسکول چھوڑنے کی شرح میں کمی لانا ہے۔
کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ مسلسل غیر حاضری کی صورت میں اساتذہ کو فوری الرٹس جاری ہوں گے، جبکہ صوبائی اور ضلعی سطح پر لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ اساتذہ اپنے موبائل فون کے ذریعے حاضری سسٹم استعمال کریں گے اور ڈیٹا کے اخراجات اسکولوں کے بجٹ میں شامل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں سرکاری جامعات کے لیے 20 ہزار اسکالرشپس دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹ سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں جدید تکنیکی مہارتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔