کشمور: نیو سبزی منڈی میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان دکاندار قتل

کشمور(ویب ڈیسک) کشمورتھانے کی حدود نیو سبزی منڈی میں کریانہ اسٹور چلانے والا نوجوان، صادق آباد کا رہائشی قمبر پنجابی، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق صبح سویرے تین مسلح ڈاکو دکان پر واردات کے ارادے سے آئے اور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے نوجوان پر سیدھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ حملہ آور آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چند روز قبل بھی اسی دکان سے لاکھوں روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، اور دوبارہ اسی مقام پر ایسا واقعہ پیش آنا امن و امان پر سوالیہ نشان ہے۔

مقتول کی لاش ضروری کارروائی کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس واقعے کے بعد تاخیر سے موقع پر پہنچی۔

کشمور کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے وسط میں دکاندار کا قتل اور ملزمان کا باآسانی فرار ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی کشمور سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں امن و امان بہتر بنایا جائے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔