شاہ فیصل پل پر مبینہ ڈکیتی کی کوشش، کھوجیوں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری

شاہ فیصل پل پر مبینہ لوٹ مار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے روایتی طریقہ کار اپناتے ہوئے ماہر کھوجیوں کی مدد حاصل کر لی ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے شرافی گوٹھ تھانے کے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں کھوجیوں کے ساتھ شواہد اکٹھے کیے گئے۔ علاقے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم دستیابی کے باعث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے روایتی طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں۔کھوجی کے مطابق پل کے ساتھ موجود ندی کے کچے راستوں پر موٹر سائیکلوں اور قدموں کے نشانات ملے ہیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق ملزمان کی تعداد 4 سے 5 تھی، جو اپنی موٹر سائیکلیں نیچے کھڑی کر کے پیدل پل پر آئے۔
کھوجی نے مزید بتایا کہ ملزمان اندھیرا ہونے تک کچے علاقے میں چھپے رہے اور بعد میں اوپر آ کر گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان لوٹ مار میں کامیاب نہیں ہو سکے اور واردات کے بعد اسی راستے سے فرار ہو گئے۔ پولیس اب حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔