لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ، 10 ممالک کی اقوام متحدہ اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت

واشنگٹن: اقوام متحدہ کے امن دستوں کے اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، جاپان سمیت 10 ممالک نے لبنان میں جاری جھڑپوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشترکہ بیان میں آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، کولمبیا، انڈونیشیا، جاپان، اردن، سیرالیون، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ نے لبنان میں بگڑتی انسانی صورتحال اور بڑے پیمانے پر بے گھری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔بیان گزشتہ ماہ تین انڈونیشین امن اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایک اہلکار اسرائیل کے ٹینک گولے سے جبکہ دو دیسی ساختہ بم (IED) کے ذریعے ہلاک ہوئے، جن کے پیچھے حزب اللہ کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔سرائیل نے 2 مارچ کو حزب اللہ کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد لبنان پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کی اور بعد ازاں جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی بھی وسیع کر دی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔لبنانی حکام کے مطابق مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 12 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے میزائل زیادہ تر اسرائیل کے شمالی علاقوں کو نشانہ بناتے رہے، تاہم بعض حملے بڑے شہروں تک بھی پہنچے۔ اسرائیل کے مطابق ان حملوں میں 2 شہری اور 13 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔