اسلام آباد میں امریکا۔ایران مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ متوقع، تیاریاں تیز

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے مستقل حل کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے ان مذاکرات کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دوسرا راؤنڈ بھی اسلام آباد میں ہی ہوگا۔ تاہم متبادل مقام کے طور پر عمان یا مشرقِ وسطیٰ کے کسی اور ملک پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کا دوسرا دور رواں ہفتے کرانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یہ اہم ملاقات ممکنہ طور پر جمعرات کو ہو سکتی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار ہیں، اور ایک امریکی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔امریکی حکام کے مطابق دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے براہِ راست بات چیت پر بھی غور کر رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔