آندھرا پردیش میں ہولناک حادثہ، تیز رفتار ٹینکر کے نیچے آ کر ہائی کورٹ کے وکیل جاں بحق

بھارت کی ریاست Andhra Pradesh میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹینکر نے ہائی کورٹ کے وکیل Budhuluri Srinivas Rao کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ این ٹی آر ضلع کے کیسرہ ٹول پلازہ پر پیش آیا، جہاں سرینواس راؤ کی کار ٹول بوتھ پر رکی ہوئی تھی کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والا سیمنٹ فلائی ایش سے لدا ٹینکر بے قابو ہو کر کار پر الٹ گیا۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر ٹینکر کے نیچے دب کر تباہ ہو گئی اور وکیل سرینواس راؤ ڈرائیونگ سیٹ پر ہی دم توڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق ٹینکر ڈرائیور لین کے انتخاب میں الجھن کا شکار ہو گیا اور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ تیز رفتاری کے باعث ٹینکر پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکرایا اور پھر کنکریٹ کے ستون سے ٹکرا کر الٹ گیا۔
تقریباً 70 سے 80 ٹن وزنی ٹینکر کے نیچے دب کر کار مکمل طور پر چکنا چور ہو گئی۔
حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم ٹینکر کے بھاری وزن کے باعث متعدد کرینیں بھی اسے اٹھانے میں ناکام رہیں۔ بعد ازاں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی کوششوں کے بعد ٹینکر کو ہٹایا گیا اور لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے ٹینکر ڈرائیور Anthony Xavier کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر تعینات کر دی گئی ہیں۔