لاہور میں گاڑیوں کے شیشے چوری کرنے والا خاندانی گروہ گرفتار، 4 ملزمان شاہدرہ سے پکڑے گئے

لاہور کی غالب مارکیٹ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک منظم گروہ کو ٹریس کرتے ہوئے شاہدرہ سے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او غالب مارکیٹ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں کے سائیڈ شیشے چوری کرنے والے 4 رکنی خاندانی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس تحقیقات کے مطابق اس گینگ کا سرغنہ مرکزی ملزم خود ہے، جس نے اپنے بیٹوں اور ایک قریبی رشتہ دار کے ساتھ مل کر یہ گروہ تشکیل دیا تھا۔ملزمان رات کے اندھیرے میں شہر کے مختلف علاقوں میں کھڑی گاڑیوں کے قیمتی سائیڈ شیشے چوری کرتے تھے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں واردات کے بعد باآسانی فرار ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے چوری شدہ مال کو فروخت کرنے کے لیے بلال گنج مارکیٹ میں شیشے فروخت کرنے کی باقاعدہ دکان قائم کر رکھی تھی، جہاں وہ چوری کیے گئے شیشے سستے داموں فروخت کر دیتے تھے۔کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ شیشوں سے بھرے 4 توڑے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔